ممبئی 23/نومبر (ایس او نیوز)مہاراشٹرا میں جب شیو سینا۔این سی پی اور کانگریس کی گٹھ بندھن سرکار پر مہر لگنے کی خبریں گرم تھی، اُسی بیچ سنیچر صبح اچانک سیاسی بھونچال آگیا اور گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے دیویندر فڈنویس کو وزیراعلیٰ کے عہدہ کا حلف دلادیا جبکہ این سی پی لیڈر اجیت پوارڈپٹی وزیر اعلیٰ بن گئے۔
اس سے پہلے شرد پوار نے کہا تھا کہ مہاراشٹرا میں شیوسینا کی قیادت میں سرکار بنے گی، لیکن راتوں رات بازی پلٹ گئی، صبح قریب 8 بجے گورنر کوشیاری نے دیویندرفڈنویس کو حلف دلایا، اُس کے بعد اجیت پوار نے بھی ڈپٹی وزیراعلیٰ کا حلف لیا۔
اس نئے سیاسی ماحول نے شیوسینا کو زبردست جھٹکا پہنچایا ہے۔ شیوسینا نے جمعہ کو کہا تھا کہ کانگریس اور این سی پی سے سبھی معاملات پر بات چیت ہو گئی ہے اور متفقہ طور پر شیوسینا سے 5 سال کا وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ این سی پی و کانگریس کے کئی لیڈران بھی کئی مرتبہ واضح لفظوں میں اس طرح کا بیان دیا تھا کہ وہ شیوسینا کے ساتھ حکومت سازی کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس مقصد سے کم از کم مشترکہ پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے۔
نئے سیاسی ماحول میں ایک طرف جہاں بی جے پی میں خوشی کا ماحول ہے، وہیں شیوسینا کی طرف سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ کچھ ذرائع کا یہ ضرور کہنا ہے کہ شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان بات چیت ہوئی ہے اور این سی پی سربراہ شرد پوار نے انھیں صاف لفظوں میں کہا ہے کہ اس پورے معاملے کی انھیں کوئی جانکاری نہیں ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر پرفل پٹیل نے بھی ایک نیوز پورٹل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شرد پوار کو نئے سیاسی ماحول کے بارے میں پہلے سے کوئی جانکاری نہیں تھی۔
اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا حلف لینے کے بعد دیویندر فڑنویس کو مبارکبادیاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پی ایم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فڑنویس کے وزیر اعلیٰ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ عوام کے حق میں کام کریں گے۔ پی ایم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’دیویندر فڑنویس جی اور اجیت پوار جی کو بالترتیب وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے پر مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لیے لگن سے کام کریں گے۔‘‘ امت شاہ نے بھی فڑنویس کے ساتھ ساتھ این سی پی لیڈر اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔